14 اکتوبر 2011 - 20:30

واشنگٹن…امریکا کے ایک بااثر تھنک ٹینک نے صدر اوباما پر زور دیا ہے کہ جب تک پاکستان کابل حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی اور حقانی نیٹ ورک کے خاتمے میں امریکا کی مدد نہیں کرتا اس وقت تک پاکستان کی امدادمنجمد کردی جائے ۔

ابنا: امریکی تھنک ٹینک دا ہیریٹج فاوٴنڈیشن کی رپورٹ میں امریکی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ کانگریس پاکستان کو دی جانے والی تمام امداد انسداد دہشت گردی کے اقدامات سے مشروط کرے ،امریکی تھنک ٹینک نے مطالبہ کیاہے کہ اوباما انتطامیہ حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیم قرار دے ،کابل حملوں کے بعد بھی اگر کچھ نہیں کیا گیا تو اس سے یہ اشارہ ملے گا کہ امریکا کمزور ہے اور یہ افغانستان میں امریکی مفادات پر مزید حملوں کی دعوت ہو گی ۔رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ پاک امریکا تعلقات کے جائزے کے لیے کانگریس کا کمیشن بنایاجائے،اس کے ساتھ کانگریس کوافغانستان میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کے لیے پاکستان کے کردارکی تحقیقات کرنی چاہئیں اور یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کے اقدامات امریکا اور نیٹو کے لیے افغانستان میں سیکیورٹی مقاصد کے حصول میں کس حد تک رکاوٹ بن رہے ہیں۔رپورٹ میں اوباما انتظامیہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پاکستانی علاقوں میں ڈرون حملوں میں اضافہ کیا جائے ،یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف بھی ڈرون حملے کیے جائیں،تھنک ٹینک نے ایک فیکٹ شیٹ بھی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان، افغانستان کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ پاکستان کے حمایت یافتہ امریکی مفادات پر حملوں میں ملوث ہیں ۔رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں ہے جو افغانستان میں امریکی مفادات پر حملوں میں ملوث ہے ،رپورٹ میں امریکی انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ افغان اسٹریٹیجی کو تبدیل کیا جائے۔  ..........

/110